نئی دہلی،3؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) نربھیا اجتماعی آبروریزی اور قتل معاملہ میں 4/ قصورواروں کی منگل 3مارچ کی صبح ہونے والی پھانسی اب نہیں ہوگی- نربھیا معاملہ میں قصوروار پون گپتا کی عرضی پر پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں سماعت ہوئی، جس کے بعد عدالت نے اگلے حکم تک پھانسی پر روک لگادی ہے- اب عدالت ڈیتھ وارنٹ کی نئی تاریخ جاری کرے گی- ایک مرتبہ پھر اس معاملہ کے قصورواروں کی پھانسی رک گئی ہے-
بتادیں کہ اس معاملہ میں تیسری مرتبہ قصورواروں کی پھانسی ملتوی ہوئی ہے- اس دوران نربھیا کے والدین بھی عدالت میں موجود تھے-دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ کا ماننا ہے کہ چونکہ اس معاملہ میں ایک قصوروار پون کی رحم کی عرضی صدر جمہوریہ ہند کے پاس زیر التوا ہے، اس لئے اس پر ابھی فیصلہ کیا جاسکتا ہے-
بتادیں کہ نربھیا معاملہ میں قصوروار پون کی رحم کی عرضی وزارت داخلہ کو ملی ہے، جس کو صدر جمہوریہ کے دفتر کو بھیجا جاچکا ہے- اس سے پہلے پون کی رحم کی عرضی کو سپریم کورٹ نے خارج کردیا تھا-عدالت کو قصوروار پون گپتا کے وکیل نے صدر جمہوریہ کے پاس رحم کی عرضی داخل کرنے کی معلومات دی، جس کے بعد عدالت نے اے پی سنگھ کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ہر چیز آخری مرحلہ میں کیوں کرتے ہیں -
وہیں تہاڑ جیل انتظامیہ کی طرف سے بھی عدالت میں عرضی داخل کرکے بتایا گیا ہے کہ قصوروار پون گپتا نے صدر جمہوریہ ہند کے پاس رحم کی عرضی داخل کی ہے-اس سے پہلے عدالت میں پون کے وکیل اے پی سنگھ نے کہا کہ سابق جج جسٹس کاٹجو نے انہیں میل پر جواب دیا ہے کہ وہ قصورواروں کی پھانسی کی سزا کو معاف کرانے کیلئے صدر جمہوریہ سے ملاقات کریں گے-